پاکستان میں کورونا کا دوسرا مریض جاں بحق، متاثرہ افراد کی تعداد 307 ہوگئی

پاکستان میں کورونا کا دوسرا مریض جاں بحق، متاثرہ افراد کی تعداد 307 ہوگئی

پاکستان  میں کورونا وائرس سے دوسرے مریض کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے جب کہ ملک میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 307 ہوگئی ہے جس میں سے 4 صحت یاب ہوکر گھروں کو واپس جا چکے ہیں۔

پاکستان میں جان لیوا کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ جاری ہے اوراب یہ تعداد بڑھ کر 307  ہوگئی ہے جس میں سے 4افراد صحت یاب ہوکر گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔

وزیرصحت خیبرپختونخوا تیمور جھگڑا نے کورونا وائرس سے 2 ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہےکہ مردان میں 50 سالہ شخص جب کہ پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں 36 سالہ مریض نے دم توڑ دیا، 50 سالہ شخص ایک ہفتے پہلے سعودی عرب سے آیا تھا اوروینٹی لیٹر پرزیرعلاج تھا جب کہ 36 سالہ مریض ہنگو کا رہائشی تھا۔

 

کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا سے 2 مریض جاں بحق ہوگئے ہیں، ملک بھر میں آج کورونا کے 70 کیس رپورٹ ہوئے جب کہ کورونا کے مریضوں کی تعداد307 ہوگئی ہے، سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 208، پنجاب میں 33، خیبر پختون خوا میں 19، بلوچستان میں 23، اسلام آباد میں 8 اور گلگت بلتستان میں 15 ہے جب کہ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کا ایک مریض سامنے آگیا ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے ریاست میں کورونا مریض کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تفتان کے ذریعے ایران سے آئے ایک شہری میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

اسٹاک مارکیٹ کریش

کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر کے بازار حصص کی طرح پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بھی شدید مندی کا رجحان برقرار ہے۔ کاروباری ہفتے کے تیسرے روز مارکیٹ  میں مندی کے بادل چھائے رہے اور 100 انڈیکس 2077 پوائنٹس کی کمی سے 32616 سے گرکر 30539 کی سطح پر آگیا۔

Share
Skip to toolbar